ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرکزی حکومت سی بی آئی کا کانگریس کے خلاف غلط استعمال کررہی ہے: دنیش گنڈوراؤ

مرکزی حکومت سی بی آئی کا کانگریس کے خلاف غلط استعمال کررہی ہے: دنیش گنڈوراؤ

Fri, 27 Oct 2017 20:58:26    S.O. News Service

بنگلورو،27؍اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) ریاستی کانگریس کے کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ نے کہاکہ مرکزی حکومت آئینی ایجنسیوں سی بی آئی وغیرہ کا کانگریس کے خلاف غلط استعمال کررہی ہے۔ اس طرح کی حرکتوں سے مرکزی حکومت یہ کوشش کررہی ہے کہ کانگریس کو ختم کردے، لیکن اس کی یہ کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوپائے گی۔ ڈی وائی ایس پی گنپتی کی خود کشی کے معاملے میں وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج کے خلاف درج سی بی آئی کے ایف آئی آر کو سیاسی مقاصد پر مبنی قرار دیتے ہوئے دنیش نے کہاکہ جارج کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج اس بات کا ثبوت ہے کہ مرکزی حکومت کرناٹک میں سدرامیا کی مقبولیت سے بوکھلا چکی ہے۔ دنیش نے کہاکہ جارج کے خلاف صرف ایف آئی آر درج ہوا ہے۔ اسی لئے انہیں استعفیٰ دینے کی کوئی ضرورت نہیں۔ جارج کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے گنپتی کے والد کے پہل پر تبصرہ کرتے ہوئے دنیش نے کہاکہ ان کی اس پہل کو کسی پر اعتراض نہیں ہے۔ گنپتی کے خاندان کو یہ پورا حق حاصل ہے کہ ان کی خود کشی کی وجوہات معلوم کرے۔ اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کروانے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے دنیش نے کہاکہ عدالت کے اس فیصلے پر بھی کانگریس کو کوئی اعتراض نہیں لیکن جب تک سچائی سامنے نہیں آجاتی جارج محض ملزم رہیں گے مجرم نہیں۔ بی جے پی پر انہوں نے گنپتی معاملے میں گندی سیاست کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ آنے والے لیجسلیچر اجلاس کے دوران اگر بی جے پی نے اس معاملہ میں جارج سے استعفیٰ کی ضد کی تو کانگریس کا اس کا جواب دینے کیلئے بھی تیار ہے۔ بی جے پی کو کرناٹک کی دشمن قرار دیتے ہوئے دنیش نے کہا کہ ہمیشہ سے یہ پارٹی کرناٹک کو بدنام کرنے کی کوششوں میں لگی رہتی ہے، بی جے پی کی کوششوں کا مقصد یہی ہے کہ کرناٹک کے سرمایہ کاری کے اچھے ماحول کو متاثر کرسکے، لیکن اس کے ان منصوبوں کو ہرگز کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ 


Share: